آئرلینڈ و انگلینڈ ٹور کیلئے متوازن ٹیم منتخب ہوئی،توصیف احمد

Tauseef Ahmed
April 16, 2018 4:05 pm

کراچی جدت ویب ڈیسک :قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن و سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا ہے کہ دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم بہت متوازن اور بہترین کھلاڑیوں پرمشتمل ہے۔پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یورپ کا دورہ کبھی بھی آسان نہیں ہوتا،چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ اورآئرلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر قومی اسکواڈ تشکیل دیا ہے،ایسی سیریزمیں بیٹنگ میں مشکلات رہی ہیں چنانچہ اس امر کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان ٹیم میں 4 اوپنرزکو رکھا گیا ہے جن کوضرورت پڑھنے پر اگلے نمبروں پر بھی آزمایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کو تقویت دینے کیلئے نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے،نوجوان بیٹسمین سعد علی نے مسلسل بہترین کارکردگی پیش کرکے اپنی توجہ حاصل کی ہے جبکہ امام الحق نے خود ایک پر اعتماد بیٹسمین کی حیثیت سے اپنے انتخاب کو ممکن بنایا ہے،دورہ ویسٹ انڈیز میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہونے کے باوجود موقع نہ پاسکنے والے عثمان صلاح الدین سے ڈومیسٹک سیزن کی طرح بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔توصیف احمد نے کہا کہ بحیثیت مجموعی ایک بیلنس ٹیم تشکیل دینے کی کوشش کی گئی ہے جس میں 9 بیٹسمینوں کےساتھ 5 بولرز میں 4 پیسر رکھے گئے ہیں،محمد عامر ایک تجربہ کار اورمستند بولرکی حیثیت سے اہم ہوں گے۔حسن علی اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہونے کے ناطے مدمقابل بیٹسمینوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے میں کامیاب رہیں گے،راحت علی بھی خود کو بہترین بولر ثابت کروانے میں کامیاب رہے ہیں،تاہم اسپن بولنگ میں یاسر شاہ کی کمی محسوس ہوگی،متبادل لیگ اسپنر شاداب خان سے سیمنگ کنڈیشن میں اچھی امیدیں وابستہ ہیں،فہیم اشرف آل راؤنڈر اور حارث سہیل پارٹ ٹائم بولر کی حیثیت سے کار گر رہیں گے۔قومی سلیکٹر نے کہاکہ سرفراز احمد بہترین کپتان ہونے کےساتھ اچھے وکٹ کیپر بیٹسمین کی ذمے داری بخوبی انجام دے رہے ہیں، قوی امید ہے کہ پاکستان ان کی قیادت میں سرخرو رہے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی اسکواڈ میں جگہ نہ بناسکنے والے کھلاڑی نا امید مت ہوں،عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھ کر وہ مستقبل میں پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں