ایسا کیا ہوگیا کہ 8بچوں کی ماں کو شوہر نے قتل کردیا؟ جانئے

March 14, 2018 10:06 pm

بدین جدت ویب ڈیسک صوبہ سندھ کے جنوبی علاقے بدین میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی اہلیہ کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا۔مقتول شریف گھمبیر نے اپنی 38 سالہ اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔مقتولہ کے 8 بچے ہیں جن میں سے اس کی دو بیٹیاں قوتِ گوائی سے محروم ہیں۔ملزم نے اپنی گرفتاری کے بعد اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنی اہلیہ کے کردار پر شک تھا۔اس نے یہ الزام بھی لگایا کہ اس کی اہلیہ کے ایک شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔سٹی پولیس اسٹیشن بدین کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد سلیم کھوسو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے انڈس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مقتولہ جان لیوا حملے کے بعد علاقے کی گلیوں میں بھاگتی رہی اور لوگوں سے جان بچانے کی اپیل کرتی رہی لیکن کسی نے اس کی مدد نہیں کی اور اس کے شوہر نے اسے پے در پے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کردیا۔ملزم شوہر اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے تاہم واقعے سے متعلق اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو سندھ کے ضلع شکارپور میں 6 بچوں کی ماں کو شوہر نے غیرت کے نام پر مبینہ طور پر گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کردیا تھا۔اس سے قبل غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ 25 فروری کو ضلع لاڑکانہ میں پیش آیا تھا جہاں خاتون اور ان کے مبینہ آشنا کو سوتیلے بیٹے نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں