حکمرانوں کی چوری کی قیمت عوام مہنگائی سے ادا کرتی ہے، عمران خان

March 13, 2018 6:17 pm

جدت ویب ڈیسک ::چیئرمین عمران خان نے گجرات میں ممبر سازی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پل ، ٹرینیں بنانے سے نہیں بلکہ عوام پر پیسہ لگانے سے ہوتی ہے ، جب حکمران کرپشن کرتا ہے وہ ٹیکس لگادیتا ہے، سرکاری اسکولوں کا معیار وہ ہونا چاہیے کہ طالبعلم ٹانڈہ کے اسکول سے نکلے اور وزیراعظم بن جائے۔عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ نے جو نعمتیں پاکستان کو دیں وہ کسی کے پاس نہیں ، حکمرانوں کی چوری کی قیمت عوام مہنگائی سے ادا کرتی ہے۔ایک نئی سوچ ہے کہ وہ حکومت آئے جو پیسہ لوٹنے ، ملک کو مقروض کرنے کی بجائے کام کرے ۔ہماری کوشش ہے کسان ، جن کے حالات برے ہیں ان کی زندگی بہتر کریں۔پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ جب تھانیدار سے چور کہے کہ تم میرے سوالوں کا جواب دو تو تھانیدار اس کی چھترول کریگا، نواز شریف کی ذمہ داری تھی کہ بتاتے پیسہ کہاں سے آیا ، جب اس کو نا اہل قرار دیا گیا تو لوگوں کو بیوقوف بناتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا۔گجرات میں عمران خان کے قافلے پر نوجوان نے جوتا مارنے کی کوشش کی ۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے نوجوان کو پکڑ کر دھلائی کر دی ۔پولیس نے تحریک انصاف کے ٹائیگرز سے بچا کر نوجوان کو حراست میں لے لیا۔

متعلقہ خبریں