شہر میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کےلئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے کردار کو فعال بنایاجائےگا‘ کمشنر کراچی اعجاز خان

July 14, 2017 12:13 pm

کراچی جدت ویب ڈیسک کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سے عالمی بنک کے چار رکنی وفد نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں کراچی کے موجو دہ ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میںریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے کردار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کےلئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے کردار کو فعال بنایا جائے گا عالمی بنک ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مشاورت سے اس سلسلہ میں تفصیلی اسٹڈی کرےگا اور اپنی تجاویز تیار کر ے گا۔ کمشنر کراچی سے ملاقات کرنے والے عالمی بنک کے وفد میں Said Dahdah، حسن اے زیدی، Thierry Desclos اورElkin Bello شامل تھے اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرII کراچی فرحان غنی ،سیکریٹری آرٹی اے نذر حسین شاہانی اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی بھی مو جو د تھے ۔کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ حکومت موجو دہ ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کےلئے ترجیحی بنیادوں پرکام کر نے کےلئے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلی سندھ شہر کی ترقی اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں حکومت کوشش کر رہی ہے کراچی کے ٹرانسپورٹ مسائل کے حل میں مزید تاخیر نہ ہو۔ کمشنر نے کہا کہ کراچی میں بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے تحت شہریوں کو ماس ٹرانزٹ کی بہتر سفری سہولتیں میسر آئیںگی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بورڈ کے کردار کو فعال بنایا جائے گا ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اشتراک سے عالمی بنک اسٹڈی کرے گا اور ایک جامع منصوبہ تیار کر ے گا جس میںکراچی میں ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کےلئے بی آرٹی سسٹم سے پبلک ٹرانسپورٹ کو ملانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔تاکہ اس سے کراچی کے ہر علاقہ کے شہری کو ماس ٹرانزٹ کے نظام سے مستفید ہونے کا موقعہ ملے اور کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسائل پائیدار طریقہ پر حل کر نے کی حکومت کی کوششیں کامیاب ہوں۔ عالمی بنک کے وفد کو پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالہ سے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے کر دار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نذر حسین شاہانی نے اجلاس کو بتا یا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی موٹر وہیکل آرڈیننس 1969 کے تحت کمشنر کراچی کی سر براہی قائم کی گئی ہے۔کمشنر کراچی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین ہیں۔ اتھارٹی کے امور کو چلانے کے لئے کمشنر کراچی کی سر براہی میں آرٹی اے بورڈ قائم ہے جس کے ارکان میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، سینئر ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ بیورو، تمام اضلاع کے ایس ایس پیز ٹریفک اور سیکریٹری آرٹی اے شامل ہیں۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کراچی میں شہریوں کے بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں بسوں، منی بسوں اور کوچز سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ اجرا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے شہریوں کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کر نے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ان کوششوں کو موثر بنانے کے لئے آرٹی اے کے افسران کو عدالتی اختیارات بحال کر نے کی تجویز کا بھی جائز ہ لیا گیا ۔اجلاس کو بتا یا گیا کہ شہریوں کو بسوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کر نے کےلئے 60 مختلف روٹس پر 689 بسیں چل رہی ہیں،جبکہ 236 روٹس پر 2926 منی بسوں کو روٹ پرمٹ جاری کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں 75 روٹس پر2391 کوچز بھی شہریوں کو آرٹی اے کی اجازت سے سفری سہولتیں فراہم کر رہی ہیں۔ کراچی پبلک ٹرانسپورٹ اور اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت بھی کراچی کے علی التریب 53 اور22 روٹس پرعلی التریب160اور10کوچز کو پرمٹ جاری کئے گئے ہیں مختلف روٹس پر چلائی جارہی ہیں ۔

متعلقہ خبریں