خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، انہیں تسلیم کرنا ہوگا،رابی پیرزادہ

Rabi Pirzada
February 22, 2021 1:57 pm

لاہور جدت ویب ڈیسک:شوبزکو خیر باد کہنے والی رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواجہ سراؤں کو تضحیک اور نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لیکن ہمیں ان کے حوالے سے اپنی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹر ویو میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ خواجہ سراؤں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات عام سننے کو ملتے ہیں، آخر اس نفرت کی وجہ کیا ہے؟ کیا صرف یہی کہ وہ جسمانی طور پر عورتوں اور مردوں سے مختلف ہیں، لیکن اس میں ان خواجہ سراؤں کا کیا قصور ہے،یہ تو خدا کی تخلیق ہے۔ خدا کی بنائی ہوئی دوسری مخلوق کی طرح ہم انہیں اس معاشرے کا حصہ کیوں تسلیم نہیں کرتے۔ رابی پیرزادہ نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور اپنی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ خواجہ سرا ء معاشرے میں فحاشی کا سبب ہیں لیکن جب آپ کسی طبقے کی راہیں محدود کریں گے تب ہی وہ متبادل راہوں کا انتخاب کرے گا۔ ہمیں خواجہ سراؤں کو بھی اپنے معاشرے کے حصے کے طو رپر تسلیم کرنا ہوگا اور انہیں انسان جانتے ہوئے ان سے برابری کا سلوک کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں