ماہرہ خان خواتین پرہونے والے تشدد کیخلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں

September 12, 2020 1:06 pm

کراچی: جدت ویب ڈیسک :اداکارہ ماہرہ خان خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی ہراسانی اور تشدد کے خلاف کامن ویلتھ (دولت مشترکہ) کی ٹیم کے ساتھ نومور (اورنہیں) مہم کا حصہ بن گئیں۔ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر گزشتہ روز ایک ویڈیوشیئر کی ہے جس میں انہوں نے خواتین اور بچیوں پر تشدد کے حوالے سے کامن ویلتھ کی ٹیم کا حصہ بننے کی خبرشیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کامن ویلتھ کے ساتھ نومور(اور نہیں) مہم میں شامل ہونے پر فخرمحسوس ہورہا ہے۔ جنسی ہراسانی، گھریلو تشدد اورنہیں۔ دنیا بھرمیں ہرتین میں سے ایک خاتون ان مسائل کا نشانہ بنتی ہے۔ ہم سب کو آگے آنا ہوگا اور ان مسائل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ماہرہ خان نے کہا کووڈ 19 وبا کے باعث ہونے والے لاک ڈان میں یہ مسائل مزید بدترہوگئے ہیں اور ہم نے لاک ڈان کے دوران تشدد کے ان واقعات میں مزید اضافہ دیکھا۔ ہم سب صحیح کرسکتے ہیں اور ہمیں کرنا چاہیئے۔ ایک طویل عرصے تک ہمارے معاشرے نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے۔ برائے مہربانی ہمارا ساتھ دیجیے۔ اس مسئلے پر کھل کر بات کیجیے۔ماہرہ خان نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں خواتین، بچوں، بچیوں اور لڑکوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی ، تشدد اور ہراسانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا اب ہمیں ایکشن لینا پڑے گا کیونکہ مسائل کی جڑیں بہت مضبوط ہوچکی ہیں۔ یہ وہ ذہنیت ہے جس سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان تمام لوگوں کو شرم آنی چاہیئے جوجرائم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ہم لوگوں کو شرم آنی چاہیئے جو مسلسل خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں۔ ہمارا نصاب تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ڈراموں، فلموں میں ہمارے بیانات پر دوبارہ نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ آئیں ہمارے ساتھ اس میں شامل ہوں۔

متعلقہ خبریں