آئیں پولیو ورکرز کو ان کے مشن میں کامیاب بنائیں۔مہوش حیات

July 11, 2020 10:35 pm

کراچی جدت ویب ڈیسک ::سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نامور اداکارہ مہوش حیات نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آئیں پولیو ورکرز کو ان کے مشن میں کامیاب بنائیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ 1166 ہیلپ لائن جس پر ہم کرونا وائرس کی معلومات حاصل کرنے کے لیے کالز کرتے ہیں، اصل میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بنائی گئی ہے، صرف یہی نہیں جب سے کرونا ہمارے ملک میں آیا ہے اس ٹیم نے دن رات ایک کر کے وائرس کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم اپنے گھر والوں سے دور رہ کر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دن رات کام کر رہی ہے تاکہ ہم سب صحت مند رہ سکیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ کرونا وائرس کی سب سے زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور اس کے خلاف ہمارے پاس کوئی ویکسین نہیں ہے، لیکن پولیو جیسی بیماریوں کی تو ہے۔

مہوش حیات نے گزارش کی کہ خدارا اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں،اور انہیں خوشگوار زندگی جینے کا موقع دیں۔اداکارہ نے ویڈیو پیغام کے آخر میں کہا کہ محفوظ رہیں،خوش رہیں۔

متعلقہ خبریں