منیشا کوئرالہ کو بھارت سے نکل جانے کے طعنے۔جانیے کیوں؟

May 21, 2020 4:28 pm

جدت ویب ڈیسک ::نیپال کی حمایت کرنے پر منیشا کوئرالہ کو بھارت سے نکل جانے کے طعنے۔۔۔سرحدی تنازع پر انڈیا کے بجائے اپنے آبائی ملک نیپال کی حمایت کرنے پر بولی وڈ اداکارہ 49 سالہ منیشا کوئرالہ کو بھارتی افراد نے ہندوستان چھوڑ کر چلے جانے کے طعنے دینا شروع کردیے۔ منیشا کوئرالہ کا تعلق نیپال سے ہے، ان کی پیدائش اور ابتدائی تعلیم بھی نیپال میں ہی ہوئی، تاہم انہوں نے کیریئر بنانے کے لیے بھارت کا رخ کیا اور زیادہ تر غیر ملکی افراد کو لگتا ہے کہ وہ بھارتی ہیں۔ منیشا کوئرالہ نیپال کے ایک سیاسی ہندو گھرانے میں پیدا ہوئیں، ان کے والد نیپال کے وزیر رہ چکے ہیں جب کہ ان کے دادا 1950 کی دہائی میں نیپال کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔
منیشا کوئرالہ کے خاندان کے افراد جہاں سیاست میں متحرک ہیں، وہیں ان کے اہل خانہ کے افراد شوبز، فیشن اور میڈیا سے بھی وابستہ ہیں اور منیشا کوئرالہ نے اداکاری کو اپنانے کے بعد 1990 کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں قسمت آزمائی اور دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگئیں۔  منیشا کوئرالہ نے متعدد بولی وڈ فلموں میں شاندار اداکاری کے بدولت کافی ایوارڈز بھی حاصل کیے اور پوری دنیا میں بولی وڈ انڈسٹری کا نام روشن کیا، تاہم اب بھارتی لوگ انہیں سیاسی طور پر نیپال کی حمایت کرنے پر ملک سے چلے جانے کے طعنے دے رہے ہیں۔
ھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق منیشا کوئرالہ نے نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ گیاولی کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ بھارت، نیپال اور چین اپنے سرحدی تنازع کو خوش اصلوبی سے حل کرلیں گے۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے نیپال کے وزیر خارجہ کا نیپال قوم کا کیس بہادری سے لڑنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اگرچہ منیشا کوئرالہ نے اپنی ٹوئٹ میں کوئی سیاسی بات نہیں کی اور انہوں نے واضح طور پر نیپالی حکومت کے مؤقف کو درست قرار نہیں دیا، تاہم ان کی جانب سے نیپالی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرنے پر بھارتی لوگوں نے انہیں طعنے دینا شروع کردیے اور انہیں بھارت چھوڑ کر جانے کو کہا۔ منیشا کوئرالہ کی ٹوئٹ کے بعد متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں قومیت کے طعنے دیے اور کہا کہ اگر انہیں بھارت میں اتنا ہی برا لگ رہا ہے تو وہ یہاں سے نیپال چلی جائیں اور وہاں جاکر پیسے کمائیں۔
کئی افراد نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ بھارت کی فلم انڈسٹری نے ہی انہیں پہچان دی اور اب انہیں شرم ہی نہین آ رہی اور وہ بھارت کے خلاف ہی باتیں کر رہی ہیں۔ زیادہ تر لوگوں نے انہیں بھارت چھوڑ کر نیپال چلے جانے کے طعنے دیے مگر اداکارہ نے خود پر ہونے والی تنقید پر کسی کو کوئی جواب نہیں دیا۔
منیشا کوئرالہ کو جہاں عام افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بھارت کی سابق وزیر خارجہ سوشما سوراج کے شوہر قانون دان سوراج کشال نے بھی ان سے اختلاف کیا اور اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں اداکارہ کو سرحدی تنازع کے تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا۔

Manisha Koirala gets slammed by netizens for coming out in support ...

متعلقہ خبریں