سوشل میڈیا نے عابدعلی کے اہل خانہ کو روحانی و ذہنی کرب میں مبتلا کردیا

September 4, 2019 1:16 pm

کراچی: جدت ویب ڈیسک ::سوشل میڈیا پر افواہوں کو خبر کی شکل دینے والوں نے ایک مرتبہ پھر پہلے سے تکلیف میں مبتلا خاندان کو اس وقت شدید ذہنی و روحانی کرب و اذیت میں مبتلا کردیا۔ یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب ممتاز اداکار عابد علی کے اہل خانہ کے ساتھ اس وقت پیش آیا جب ان کے متعلق جھوٹی اطلاع دی گئی۔
جھوٹی اطلاع کے بعد فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار کے گھر جاننے والوں اور چاہنے والوں کی ٹیلی فون کالوں کا تانتا بندھ گیا جس پرحقیقتاً ’مجبور‘ ہو کر ان کی صاحبزادی راہمہ علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لوگوں سے درخواست کی کہ خدارا! ان کے والد کے متعلق غلط اور جھوٹی خبریں شیئر نہ کریں۔
راہمہ علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ان کے والد الحمد للہ! بقید حیات ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے خالق کائنات سے امید باندھتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ وہ حیات رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت اسپتال میں ان کے والد سور رہے ہیں۔
کراچی کے جس نجی اسپتال میں عابد علی زیرعلاج ہیں اس کی انتظامیہ کو بھی ملنے والی ٹیلی فون کالز کے بعد آج صبح یہ بیان جاری کرنا پڑا کہ عابد علی کے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے ان کے اہل خانہ کی دل آزادی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں