مولانا کی مٹھی

November 7, 2019 2:58 pm

مصنف -

فاروق عادل
دھرنے کے بحرِ بے کراں میں توجہ کے قابل صرف ایک مولانا فضل الرحمن ہی نہیں، اس ملک کے 72 برس بھی ہیں جن کی کوکھ سے دھرنے اور بحران پے درپے نکلتے ہیں اور تاریخ کا رزق بن کر کسی نئے بحران کی راہ ہموار کر جاتے ہیں۔ایک نونہال نے گلہ کیا کہ ہماری قسمت ہی خراب ہے جب سے ہوش سنبھالا ہے،سوائے انتشار کے کچھ نہیں دیکھا۔بس، اسی شکوے کی کمان سے یاد نے الٹی زقند لگاکر ا ن سہانے زمانوں میں پہنچادیا جب کپکپا دینے والی سردیوں میں لحاف لپیٹ کر اس طالب علم نے اپنے والد مرحوم سے تاریخ کا ایک سبق سیکھا۔ہمارے بچپن میں معاشرتی علوم نام کا ایک دلچسپ مضمون تھا جس کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ بچوں میں تاریخ کا شعور اور کسی قدر ناسٹیلجیا کی کیفیات پیدا کرتا اور معصوم ذہنوں میں ایک معصوم سی خواہش انگڑائی لیتی کہ کاش اگر ایسا نہ ہوتا تو ہماری دنیا کتنی حسین ہوتی۔والد مرحوم کا کوئی بریف کیس ہماری آپ کی طرح ڈگریوں سے بھرا ہوا نہیں تھا لیکن ا ن کی روح دانشِ مشرق سے منور تھی ۔ ایسی ہی کسی کاش پر وہ مسکرائے اور کہا کہ کاش کی اوٹ میں پناہ لینے والو ںکامستقبل اکثر عبرت ناک ہوتا ہے۔ا ن دنوں شاید مغلیہ سلطنت کے زوال اور انگریزوں کی بڑھتی ہوئی طاقت کا عہد زیر مطالعہ تھا جس سے یاس کی کیفیات پیدا ہوئیں تو اس بزرگ نے راز کی ایک بات میرے کان میں ڈال دی۔ کہا کہ دکھ کی گہرائی میں اترنے سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ مغل اس انجام سے دوچار کیوں ہوئے۔ پھر سوال کیا کہ تمھارے خیال میں اس زوال کا سب سے بڑا سبب کیا ہے؟ اقبال کا ایک شعر میں نے خود ان ہی زبانی سن سن کر یاد کررکھا تھا، وہی دہرا دیا
میں تجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہے
شمشیر و سنا اول طاوس و رباب آخر
لیکن یہ تیر بہدف نسخہ کام نہ آسکا۔انھوں نے فرمایا کہ اقبال کی یہ تشخیص اپنی جگہ اور برحق لیکن اس زوال کا ایک سبب اور بھی ہے اور اس سے بھی بڑھ کر ہلاکت خیز ہے۔پھر بتایا کہ مغلوں کے زوال کا اصل سبب یہ تھا کہ وہ ابتدا سے انتہا تک جانشینی اور انتقال اقتدار کا کوئی دانش مندانہ اسلوب وضع کرنے میں ناکام رہے۔
یہی سبب تھا کہ مغل دربار ابتدا تا انتہا سازشوں کے گڑھ بنے رہے ، نتیجہ یہ نکلا کہ وہ سلطنت جو اس کرہ ارض پر سونے کی چڑیا کے نام سے پکاری جاتی تھی، عسکری اور تہذیبی اعتبار سے جسے رشک کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، دیکھتے ہی دیکھتے معدوم ہوگئی۔اب اتنی مدت کے گزرنے کے بعد جب میں اپنی تاریخ پر نگاہ ڈالتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ انگریز کے دو سو برس کے اقتدار اور اس کے جبر سے آزاد ہو جانے اور ایک جاں گسل جدو جہد کے نتیجے میں آزادی حاصل کر لینے کے باوجودبھی ہم ابھی تک زوال کے اس سبب کو نہیں جان پائے جس نے عظیم الشان مغلیہ سلطنت کو انجام تک پہنچایا اور اب وہی آزار رگ و پے میں سرایت کرنے کے بعد ہمارے جسم و جاں کی توانائی کو نچوڑتا چلا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمن سڑکوں پر کیوں نکلے، اس سوال کے جوابات بہت ہیں ۔غیر متعلق ہوکر قصہ ماضی بن جانے کا خوف یا پھر وہ نظریاتی کشمکش جس نے وطن عزیز کو 72 برسوں سے اس تقسیم میں مبتلا کررکھا ہے جسکے زہر نے صرف سیاست نہیں، زندگی کے ہر شعبے میں اپنے ناپاک پاوں پھیلا رکھے ہیں۔
کل اگر کسی مداخلت کے باعث کوئی منتخب حکومت نہیں چل پاتی تھی تو آج دھرنا ایجاد کرکے خود اسی طبقے نے اپنی زندگی اجیرن کرلی ہے۔ یہ زندگی اجیرن ہی رہے گی اگر اس معاشرے میں انتقال اقتدار کے اصولوں پر اتفاق رائے نہیں ہوپائے گا۔مولانا نے اپنی بند مٹھی ابھی تک نہیں کھولی اور لگتا نہیں کہ اس لڑائی کے آخر تک وہ ایسا کرینگے لیکن اگر سمجھنے والے سمجھ پائیں تو بہت سی مشکلات ازخود دور ہو جائیں گی۔ اس اعتبار سے اگر مولانا کی مہم جوئی کو عذاب سمجھنے کے بجائے کفل کشا سمجھ کر کوئی رستہ تلاش کرنے کی کوشش کر لی جائے تو سب کا بھلا ہوگا،ورنہ ہم آپ اسی سوال میں الجھے رہیں گے کہ مولانا ڈی چوک جائیں گے یا نہیں جائیں گے۔