September 18, 2020

سسٹم بیٹھ گیا,دنیا بھر کے مختلف ممالک میں فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کو اسٹوریز، لاگ ان کے مسائل کا سامنا

سان فرانسسکو: دنیا بھر میں سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کی سروس میں اچانک تعطل آگیا جس کی وجہ سے  ہزاروں صارفین کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا، یورپ، کینیڈا سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کو اسٹوریز، لاگ ان کے مسائل کا سامنا ہے۔

امریکا، یورپ، جنوبی امریکا اور کینیڈا کے مختلف حصوں میں جمعرات کی دوپہر سے دونوں پلیٹ فارم کی سروس متاثر ہوئی جس کے بعد سے صارفین کو نیوز فیڈ، لاگ ان کا سامنا ہے جبکہ کچھ صارفین تو سسٹم تک رسائی ہی حاصل نہیں کرپارہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کرنے والی کمپنی نے بھی فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس متاثر اور معطل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے جمعرات کی دوپہر رپورٹ جاری کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں امریکا کے صارفین کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔کیلی فورنیا، نیویارک سٹی، جنوبی فلوریڈا سمیت دیگر علاقوں میں سروس بالکل ہی بند ہے۔

دنیا کے دوسرے بڑے سمندر پر واقع ممالک جیسے آئرلینڈ، پرتگال، برطانیہ اور سوئیڈین سے بھی سروس متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ فیس بک نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ابھی تک سروس متاثر یا معطل ہونے کی وجہ سامنے نہیں آسکی اور نہ ہی کمپنی نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا۔

September 17, 2020

گوگل میٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے زبردست فیچر متعارف

نیویارک:ویب ڈیسک :: گوگل میٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے زبردست فیچر متعارف کروادیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گوگل میٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جس میں صارفین ویڈیو کال کے دوران پیچھے کے منظر کو دھندلا کرسکتے ہیں۔

گوگل نے نئے بلاگ میں بتایا کہ گوگل میٹ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے، اس فیچر کے ذریعے پس منظر دھندلا ہوجائے گا مگر صارف کال میں شامل دیگر افراد کو صاف طور پر نظر آئے گا۔

شور کو فلٹر آؤٹ کرنے کی صلاحیت کی طرح یہ نیا فیچر گوگل کی جانب سے کانفرنس کالز کے دوران انتشار کو محدود کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ بیک گراؤنڈ کو دھندلا کرنے سے ہوسکتا ہے ڈیوائس کی رفتار کم ہوجائے تو دیگر ایپس کو صحیح طریقے سے چلانے کے لیے ٹرن آف رکھنا بہتر ہے۔

گوگل انتظامیہ کے مطابق یہ فیچر ابھی کچھ صارفین کو دستیاب ہے، آئندہ ہفتوں میں یہ اس فیچر کو دیگر صارفین بھی استعمال کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں گوگل کی جانب سے پریمیئم ویڈیو کانفرنسنگ سروس گوگل میٹ کو صارفین کے لیے مفت کردیا گیا تھا۔

یہ کانفرنسنگ سروس پہلے صرف جی سیوٹ کے صارفین کے لیے مخصوص اور 6 ڈالر ماہانہ پر ہی دستیاب تھی۔

خیال رہے کہ میٹ کے ذریعے بیک وقت 100 افراد ایک ویڈیو کال کا حصہ بن سکتے ہیں جبکہ شیڈولنگ، اسکرین شیئرنگ اور رئیل ٹائم کیپشن جیسے فیچرز بھی اس میں دستیاب ہیں۔

August 31, 2020

دنیا کا پہلا شفاف ٹی وی رواں ماہ فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا

بیجنگ: ویب  ڈیسک :: اب آپ ٹی وی کے آر پار  بھی دیکھ سکتے ہیں ،دنیا کا پہلا مکمل طور پر شفاف (ٹرانسپیرنٹ) ٹی وی اس ماہ فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جسے شیاؤمی کمپنی نے بنایا ہے اور اسے مائی ٹی وی لکس کا نام دیا گیا ہے۔
بند ہونے کی صورت میں یہ شفاف شیشہ بن جاتا ہے اور کسی سائنس فکشن فلم کی کوئی ایجاد دکھائی دیتا ہے۔ اگر ٹی وی نہ چل رہا ہو تو اس کے آرپار دیکھا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں سام سنگ اور ایل جی وغیرہ نے شفاف ٹی وی پیش کیے لیکن شیاؤمی کے مطابق یہ پہلا شیشہ ٹی وی ہے جو بڑے پیمانے پر تیار کیا جارہا ہے اور اس کی فروخت اگلے چند دنوں میں متوقع ہے۔
ٹی وی کی لمبائی 55 انچ ہے اور اس کا پورا پینل او ایل ای ڈی پر مشتمل ہے۔ ٹی وی اسکرین کی موٹائی صرف 5.7 ملی میٹر ہے۔ ٹی وی بند ہوتے ہی کھڑی کا شیشہ بن جاتا ہے۔ شیاؤمی کے مطابق اس کا سیاہ رنگ واضح اور اسکرین بہت روشن ہے۔ ٹی وی اسکرین ایک ارب سے زائد رنگ دکھاتا ہے۔ اس کا ریفریش ریٹ 120 یرٹز ہے اور ایک ملی سیکنڈ میں ٹی وی اسکرین ریفریش ہوجاتا ہے۔
اس کا دس بٹ پینل مجموعی طور پر ہموار اور خوبصورت تصویر ظاہر کرتا ہے ۔ اس طرح کے ٹی وی اسکرین میں متحرک منظر دھندلا جاتے ہیں لیکن شیاؤمی کے ٹی وی میں یہ نقص موجود نہیں جس کی وجہ سے ٹی وی گیم کھیلنے کے لیے بھی بہترین ہے۔

Mi TV LUX Transparent Edition: World's first 'transparent' TV is here - Times of India

Out of series! Xiaomi presented the world's first transparent TV + Video – World Today News

Xiaomi Mi TV LUX Transparent Edition – SCDW

August 25, 2020

ٹویٹر کا نیا فیچر متعارف

نیویارک: ویب ڈیسک ::سماجی رابطے اور مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کروادیا۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے صارفین کو اپنے ٹویٹر سپورٹ اکاؤنٹ سے ڈائریکٹ میسج (ڈی ایم) کے نئے فیچر کو سائٹ میں شامل کرنے سے آگاہ کیا ہے۔

ٹویٹر کے مطابق اب صارف کو جب بھی ڈائریکٹ میسج (ڈی ایم) ریکویسٹ موصول ہوں گی تو ساتھ ہی میسج کرنے والے صارف کے اکاؤنٹ کی تفصیل بھی سامنے آئے گی۔

نئے فیچر کے تحت ڈائریکٹ میسج ریکویسٹ موصول ہونے والے شخص کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ آپ ٹویٹر پر اس شخص سے کیسے جڑے ہیں۔

جیسے ہی کوئی بھی صارف ریکویسٹ میسج پر ٹیپ کرے گا تو اسے فوراً میسج بھیجنے والے شخص کی پروفائل کی معلومات بھی نظر آئیں گی۔

واضح رہے کہ ٹویٹر کے اس فیچر کے آنے سے قبل ڈی ایم ریکویسٹ بھیجنے والے شخص کی پروفائل تلاش کرنے میں صارف کا کافی وقت ضائع ہوتا تھا۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں ٹویٹر کو دیگر کے مقابلے میں منفرد حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہاں صارف کو دوسرے شخص ایڈ نہیں کرنا پڑتا بلکہ وہ صرف مینشن کر کے اپنی بات متعلقہ شخص تک پہنچا سکتا ہے جو سامنے والے کے پاس نوٹی فائی بھی ہوجاتی ہے۔

August 24, 2020

. آف لائن فائندنگ ::گم ہوجانے والے سام سنگ فون اب آف لائن ہونے پر بھی تلاش کرنا ممکن

ویب ڈیسک ::سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اسمارٹ فونز میں ایک نئے فیچر کا جلد اضافہ کیا جارہا ہے جس کی بدولت صارفین کسی ڈیوائس کے گم ہونے پر اس وقت بھی تلاش کرسکیں گے جب وہ آف لائن ہوگی۔

ویسے تو سام سنگ کے گلیکسی فونز میں 2018 سے فائنڈ مائی موبائل نامی فیچر موجود ہے جو گمشدہ فونز کی تلاش میں مدد دیتا ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سام سنگ اکاﺅنٹ پر سائن ان ہونا ہوتا ہے، جو کہ عام طور پر نئے فون کو استعمال کرنے سے قبل ہی بن جاتا ہے۔

ویسے اگر نہیں بھی ہوا تو بھی کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ اس کے لیے چند منٹ ہی درکار ہوتے ہیں اور اپنے فائنڈ مائی موبائل کو کسی بھی گلیکسی سیریز کے لیے ان ایبل کیا جاسکتا ہے۔

یہ درست ہے کہ گوگل کی جانب سے بھی تمام اینڈرائیڈ فونز کے لیے یہ سروس ایک ایپ کی شکل میں موجود نہیں اور اس میں کوئی خرابی بھی نہیں، مگر سام سنگ کی جانب سے اپنے فونز کے لیے دی جانے والی سروس زیادہ مدد فراہم کرسکتی ہے۔

تاہم اب اس کو ایک اپ ڈیٹ سے مزید بہتر بنایا جارہا ہے جو فی الحال تمام صارفین کو دستیاب نہیں۔

ایک ٹوئٹ میں بتایا اس نئے فیچر کے اسکرین شاٹس شیئر کیے گئے جس میں واضح لکھا تھا ‘اس سے آپ اپنے فون کو دیگر افراد کے گلیکسی فونز سے اس وقت بھی تلاش کرسکیں گے جب وہ نیٹ ورک سے کنکٹ نہیں ہوگا، اس کے علاوہ اس اپ ڈیٹ سے آپ اپنے فون کو قریب موجود گمشدہ گلیکسی ڈیوائسز کو اسکین کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے’۔

اس فیچر کو آف لائن فائندنگ کا نام دیا گیا ہے۔

ایپل نے بھی اس سے ملتا جلتا گزشتہ سال آئی او ایس 13 میں متعارف کرایا تھا جسے فائنڈ مائی کا نام دیا گیا تھا، جس کی مدد سے صارف گم ہونے والے آئی فونز کو آف لائن ہونے پر بھی تلاش کرسکتے ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ سام سنگ کا یہ نیا فیچر تمام صارفین کو کب تک دسیتاب ہوگا۔

 

 

August 22, 2020

نواز شریف کی لندن روانگی سے پی ٹی آئی کے بیانیے کو شدید دھچکہ لگا: فواد چودھری

اسلام آباد: جدت ویب ڈیسک :فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو نواز شریف کی لندن روانگی سے شدید دھچکہ لگا، ان کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا جعلی رپورٹس کی تیاری میں ملوث کرداروں کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔ دوسری جانب قومی احتساب بیورو نے نواز شریف اور سلمان شہباز کو پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم کو توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دلوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق العزیزیہ ریفرنس میں سزا پر عملدرآمد کیلئے بھی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ نواز شریف کی طلبی کیلئے دفتر خارجہ کے ذریعے برطانیہ سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی نواز شریف کے مفرور ہونے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

August 22, 2020

سام سنگ پاکستان میں پہلا موبائل فون پلانٹ قائم کرے گی، وفاقی وزیر حماد اظہر

اسلام آباد ویب ڈیسک ::: وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے پاکستان میں پہلے موبائل فونز اسمبلنگ پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے سام سنگ پاکستان کے ایم ڈی اور سی ای او سے ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا کہ اسمارٹ فون کی پاکستان میں تیاری کے سلسلے میں ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (DIRBS) اور موبائل پالیسی وضع کرلی گئی ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے مزید لکھا کہ سام سنگ کے اعلیٰ حکام نے حکومتی پالیسی اور اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اپنے اسمارٹ فون اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کے عمل کو تیز تر کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
قبل ازیں ہواوے، نوکیا اور سام سنگ کے اعلیٰ حکام نے 30 جنوری کو ایف بی آر، پی ٹی اے اور انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان میں اپنے پلانٹس لگانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پاکستان میں موبائل فون کی تیاری سے قیمتیں گرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان کی پہلی موبائل فون پالیسی کی منظوری دی تھی، یہ منظوری پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے انٹرنیٹ آلے کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ کے نظام (DIRBS) کو متعارف کرانے کے بعد دی گئی تھی۔