July 16, 2017

جمشید دستی کو قومی اسمبلی میں ’’اچھوت‘‘ کا درجہ حاصل

مظفر گڑھ جدت ویب ڈیسک عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ اسمبلی میں اکثر لوگ انہیں اچھوت سمجھتے ہیں،اراکین میرے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتے کہیں جراثیم ہی نہ لگ جائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ وہ اپنے اکثر کام خود اپنے ہاتھوں سے کرتے ہیں اور اس میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے کیونکہ حضور اکرم ؐ بھی اپنے کام خود کیا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بکریوں اور بھینسوں کا دودھ دوہتے ہیں اور باڑے میں ملازمین کے ساتھ مل کر صفائی کا کام بھی کروالیتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسمبلی میں بیٹھے بہت سے لوگ ان کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کرتے ہیں ۔ ان لوگوں کو خوف ہوتا ہے کہ جمشید دستی سے ہاتھ ملائیں گے تو کہیں جراثیم ہی نہ لگ جائیں۔جمشید دستی نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے 95 فیصد لوگوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ، وہ عوام کو برادری، غیرت اور دیگر مسائل کے نام پر لڑا کر ووٹ حاصل کرتے ہیں اور اسمبلیوں میں جا کر عوام کو بھول جاتے ہیں۔ تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں کے ساتھ اچھی دوستی ہے کیونکہ وہ لوگ بھی مڈل کلاس سے آئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کرپشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں کرپشن کی بڑی آفرز آئیں جبکہ آج بھی ایسی آفرز موجود ہیں۔ مجھے کہا گیا کہ آپ کو وزیر مملکت بناتے ہیں لیکن میں نے انکار کر دیا، پھر مجھے کہا گیا کہ آپ غریب آدمی ہیں آپ کو سندھ میںشوگر مل کا لائسنس دیتے ہیں جسے بیچ کر آپ اپنے حالات درست کرلیں لیکن میرے ضمیر نے یہ بات گوارا نہیں کی۔

July 16, 2017

خادم اعلیٰ کے پنجاب میں ایک بار پھر انسانیت کی تذلیل ‘ شکریہ شہباز شریف

سوہاوہ جدت ویب ڈیسک تحصیل سوہاوہ میں انسانیت سے عاری زمیندار نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے غریب محنت کش محبت خان کا ہاتھ کاٹ ڈالا۔اطلاعات کے مطابق تحصیل سوہاوہ کے محنت کش محبت خان کی غربت اس کی سزا بن گئی اور سوہاوہ کے زمیندار نے اسے غریب ہونے کی سزادیتے ہوئے غیرت کے نام پراس کا ہاتھ ہی کاٹ ڈالا، محبت خان کا ملزمان کے خاندان کی لڑکی سے کالج کے دورسے تعلق تھا، جس کے باعث شک کی بنا پرزمیندارکے ساتھی محبت خان کو گھر سے اٹھاکر ڈیرے پر لے گئے جہاں اسے برہنہ کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تاہم اس کے بعد بھی ان کی تسلی نہ ہوئی تو انہوں نے اس کا ہاتھ ہی کاٹ ڈالا، محبت خان کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کا علاج شروع کر دیا گیا پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی میں 7 افراد خاور ظہیر، مرزا ظہیر، صوفی ساجد، مرزا طارق، مرزا بابر، مرزا ظہور اور مرزا جہانگیرکے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم مقدمہ درج ہونے کی اطلاع ملتے ہی ملزمان علاقہ چھوڑ کر روپوش ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقع کی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ملزمان کو جلد ہی گرفتارکرکے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

July 16, 2017

جے آئی ٹی رپورٹ پرکل سماعت ہوگی‘لیگی قیادت مصلے پر بیٹھ گئی

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک سپریم کورٹ میں پانا ما عملدر آمد بینچ کل پیر کو جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کریگا تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ کل پیر کو ساڑھے نو بجے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کریگا اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ نے شریف خاندان اور تحریک انصا ف کے سربراہ عمران خان سمیت فریقین کے وکلائ کو نوٹس جاری کر دیئے تھے ۔نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ حارث کی سربراہی میں شریف خاندان کے وکلا کی ٹیم نے جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کےلئے درخواست کا مسودہ تیار کر کے دائر کرنے کی منظوری حاصل کر لی ¾ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے گی کہ کوئی بھی کارروائی شروع کرنے سے پہلے اس درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی طرف سے جے آئی ٹی کو رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرنے کی استدعا کی جائیگی تیار کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کوبدنام کرنے کےلئے جھوٹی اور غیرمصدقہ دستاویزات کا سہارا لیکر ایسی رپورٹ تیار کی، اس کا واحد مقصد عوام کو حکمران خاندان سے بدظن کرنا اور سیاسی نقصان پہنچانا ہے، رپورٹ میں موجود مواد اور دستاویزات جے آئی ٹی کی تشکیل سے پہلے اکٹھی کی گئیں۔ذرائع کے مطابق درخواست میں جے آئی ٹی ارکان کی جانبداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا کہ گواہوں پر بیانات تبدیل کرنے کےلئے دبائوڈالا گیا اور لوگوں کو وعدہ معاف گواہ بنانے کی کوشش کی گئی ¾عدالت عظمیٰ کو گمراہ کیا گیا اورجے آئی ٹی جان بوجھ کر سپریم کورٹ کے وضع کردہ سوالات سے ہٹ کر حدیبیہ پیپر ملز اورچوہدری شوگر ملز کے معاملے میں پڑ گئی حالانکہ یہ معاملات پہلے سے کسی نہ کسی شکل میں مختلف فورمز پرنمٹائے جاچکے ہیں، عدالت سے رپورٹ مسترد کرنے اور عدالت کو گمراہ کرنے پر جے آئی ٹی کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی جائیگی۔دریں اثنا سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ اور ریڈ زون کےلئے غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کئے جائینگے ¾ ایس ایس پی سیکیورٹی جمیل ہاشمی کے مطابق پیر کو ریڈ زون سیل کر دیا جائے گا اورغیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگا تاہم وکلا اور میڈیا کے نمائندے داخل ہو سکیں گے ¾ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر اضافی نفری تعینات ہوگی۔

July 15, 2017

حکومت اپنے منشور پر کامیابی سے عمل پیرا ہے، شہباز شریف

لاہور جدت ویب ڈیسک وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ بعض عناصر ملک میں افراتفری و انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں جو ملک کیلئے زہر قاتل ہے ، مسلم لیگ ن نے کبھی بھی انتقام و انتشار کی سیاست نہیں کی ،اگرکسی نے زیادتی بھی تو ملک کے بہترین مفاد میں خاموشی اختیار کی، حکومت اپنے منشور پر کامیابی سے عمل پیرا ہے ، اربوں روپے کے وسائل بچائے گئے ہیں، تیزرفتار منصوبوں کی تکمیل سے مخالفین خوف اور بے چینی کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار میاں شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے ایک وفد گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت اپنے منشور پر کامیابی سے عمل پیرا ہے بعض عناصر افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور مخلص قیادت پر الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔ وزیراعلی شہباز شریف کا کہنا تھاکہ مخلص قیادت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے اعلی معیار قائم کئے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں قومی وسائل بچانے کی ایسی کوئی مثال موجود نہیں،منصوبوں میں اربوں روپے کے وسائل بچائے گئے ہیں،ان کا کہنا تھا تیز رفتار سے مخالفین خوف اور بے چینی بڑھ رہی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ بعض عناصر ملک میں افراتفری و انتشار پھیلانے والی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں جو ملک کے لئے زہر قاتل ہے اور ایسی سیاست سے ملک و قوم کا نقصان ہوگا ، ایسے عناصر سے درخواست ہے کہ وہ اپنی ذاتی مفادات کیلئے ملک کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ن نے کبھی انتقام اور انتشار کی سیاست نہیں کی اگر کہیں ہم سے زیادتی بھی ہوئی تو ہم نے ملکی مفاد میں اس پر خاموشی اختیار کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں کہ اگر یہ منصوبے اپنی تکمیل کو پہنچ گئے تو پھر ان کی سیاست ختم ہو جائے گی اور یہی وجہ ہے کہ ان کو اقتدار میں آنے کی جلدی پڑی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی ، ہمارے سیاسی مخالفین کو ابھی 2018ئ تک انتظار کرنا ہو گا۔

July 15, 2017

را افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے ،جنرل زبیرمحمود

کراچی جدت ویب ڈیسک چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے اور آپریشن ردالفساد کا مقصد را کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا بھی ہے ۔پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 107ویں مڈشپ مین، 16ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں 100 افسران پاس آوٹ ہوئے ، ان میں بحرین،قطر اورسعودی عرب کے 28 کیڈٹس بھی شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کے دوران مہمان خصوصی چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ وہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اورسلامتی میں مرکزی کردار ہے ، پاکستان سے وفاداری ہم سب کی پہلی ترجیح ہے اور پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اورطاقت کا مظہرہیں۔جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ سی پیک کی ترقی میں گوادربندرگاہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور پاکستان کی ترقی میں گوادر بندرگاہ انتہائی اہم ہے ، علاقائی مسائل کے حل کے لیے پاکستان کواہمیت حاصل ہے ، پاکستان کا امن اوراستحکام دنیا کے مفاد میں ہے ، پاکستان پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے ، آپریشن ردالفساد محض ایک مہم نہیں بلکہ اس کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے علاوہ ملک دشمن ایجنسیوں بالخصوص ’’را‘‘ کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے ، ’’را‘‘ افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے اور وہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے ۔