August 15, 2017

لیلیٰ کا میری بھابھی بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ، میرا

لاہور جدت ویب ڈیسک فلمسٹار میرا نے کہا ہے کہ اداکارہ لیلی جتنا مرضی شور مچا لے اسکا میری بھابھی بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ، لیلی الٹی سیدھی باتیں کر کے صرف سستی شہرت کے لئے میڈیا کی توجہ حاصل کرنا چاہتی ہے اسے بیان دیتے ہوئے ہوش بھی نہیں ہوتا کہ وہ کیاباتیں کر رہی ہے ۔ میرا نے کہا کہ جس اداکارہ کو لباس پہننے کی تمیز نہ ہو اس سے آپ کیا توقع وابستہ کر سکتے ہیں ۔چاند حاصل کرنے کا خواب سب ہی دیکھتے ہیں مگر چاند کو حاصل کوئی نہیں کر سکتا اور لیلی بھی ہمارے گھر کی بہو بننے کے خواب دیکھتی رہتی تھی اب اسے اپنی نیند سے بیدار ہو جانا چاہیے اور کھلی آنکھوں سے حقیقت کا سامنا کرنا چاہیے ۔ لیلی کو مشورہ ہے کہ وہ جلد اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کر کے اپنا گھر آباد کر لے ورنہ وقت کے ساتھ ساتھ وہ مزید بوڑھی ہوتی جائیں گی ۔میں اس کے لئے صرف دعا ہی کر سکتی ہوں کہ وہ خود کو ٹھیک کر لے۔

August 15, 2017

شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کے ہینڈ بیگ کی قیمت نے ہوش اڑادیئے

ممبئی جدت ویب ڈیسک مشہورافراد جہاں بھی جائیں ان کے اردگرد ہمیشہ کیمرے گردش کرتے رہتے ہیں۔آج ہم آپ کو بالی ووڈ سٹار شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کے ہینڈ بیگ کی قیمت بتانے جارہے ہیں جسے جان کر آپ یقینا سکتے میں مبتلا ہوجائینگے۔میرا اکثر شاہد کپور کیساتھ ہی نظر آتی ہیں گزشتہ دنوں اسی طرح انہیں ایک ریسٹورنٹ میں دیکھا گیا جہاں وہ یہ ہینڈ بیگ بھی ٹانگی ہوئی تھیں۔بیگ کے بارے میں معلوم ہوا کہ اسکی بھارتی کرنسی میں قیمت تقریبا ایک لاکھ 27 ہزار 335 روپے ہے اور اگر اس کا موازنہ پاکستان کی کرنسی سے کیا جائے تو یہ تقریبا دو لاکھ نو ہزار ایک سو پچانوے روپے بنتے ہیں۔شاہد کپور نے جب میرا راجپوت سے شادی کا اعلان کیا تھا تبھی سے میڈیا کی نظریں ان پر بھی لگی رہتی ہیں۔ حالانکہ میرا راجپوت کا تعلق شادی سے قبل بالی ووڈ سے نہیں تھا لیکن انہیں ان کے شوہر کی وجہ سے اب کافی نظروں میں رکھا جاتا ہے۔

August 13, 2017

برصغیر پاپ میوزک کی بنیاد ، نازیہ حسن کی آج 17ویں برسی منائی جارہی ہے

کراچی جد ت ویب ڈیسک برصغیرمیں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی آج 17ویں برسی منائی جارہی ہے ۔نازیہ نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن کے معروف پروگرام ‘سنگ سنگ چلیں’ سے کیا جس میں ان کے بھائی زوہیب حسن بھی ان کے ساتھ شرکت کرتے تھے ، دونوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نازیہ حسن کو یقین ہی نہیں تھا کہ ان کے کام کو دنیا بھر میں پذیرائی ملے گی مگر 1980 میں 15 سال کی عمر میں وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔انہوں نے پندرہ سال کی عمر میں ہندوستانی فلم ’قربانی‘ کے لیے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ‘ گانا گایا تھا جس کے بعد وہ کامیابی کی ایک کے بعد ایک سیڑھی طے کرتی گئیں۔اس گانے پر انہیں ہندوستان کا مشہور فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا، وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی شخصیت تھیں۔فلم ‘قربانی’ کے اس نغمے کی مقبولیت کے بعد نازیہ اور زوہیب حسن کا مشہور البم ‘ڈسکو دیوانے ‘ ریلیز ہوا، اس البم نے بھی فروخت اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ، دیگر مقبول البمز میں ‘بوم بوم اور ینگ ترنگ’ کے نام شامل ہیں جبکہ اس دوران ان کے گانے ویسٹ انڈیز، لاطینی امریکا، برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی سرفہرست رہے ۔1997 میں نازیہ کی شادی مرزا اشتیاق بیگ سے ہوئی جو ناکام رہی اور چار اگست 2000 کو ان کی طلاق ہوگئی، کینسر کے مرض میں مبتلا باصلاحیت گلوکار طلاق کے صرف نو دن بعد یعنی 13 اگست 2000 کو ایک بیٹے اور لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئیں۔2002 میں بعد از وفات نازیہ حسن کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے ملک کا سب سے بڑا اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس دیا گیا جبکہ 2003 میں ان کی یاد میں نازیہ حسن فاؤنڈیشن قائم کی گئی۔گلوکارہ کے ہر گیت اور ہر ادا سے لوگ محبت کرتے تھے نازیہ کو اپنے کریئر میں اتنی شہرت ملی جس کی لوگ صرف خواہش ہی کرسکتے ہیں۔