سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے مطلوبہ ڈرلنگ کا مرحملہ مکمل ‏

May 14, 2019 4:13 pm

جدت ویب ڈیسک ::سمندر میں تیل وگیس کی تلاش کیلئے مطلوبہ ڈرلنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا ، تحریک انصاف حکومت کیلئے بڑی کامیابی چند دنوں کے فاصلے پر رہ گئی ۔
چار ماہ بعد کراچی سے 280 کلو میٹر دور سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے مطلوبہ ڈرلنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ ای این آئی کمپنی پر مشتمل جوائنٹ وینچر نے تیل وگیس کی حقیقی مقدار کے تعین کا عمل شروع کردیا، ایک ہفتے میں رپورٹ مرتب کرلی جائے گی۔14 ارب سے زائد کی لاگت کے بعد کراچی سے 280 کلو میٹر دور 5 ہزار 470 میٹر زیر سمندر ڈرلنگ کا عمل مکمل کر کے تیل وگیس کے ذخیرہ تک رسائی حاصل کرلی، حقیقی مقدار کی تعین آئندہ تین روز میں ہوجائیگا جبکہ تیل وگیس کی مقدار کی رپورٹ ایک ہفتے میں تیار کرلی جائے گی۔
ابتدائی اندازے کے مطابق کیکڑا ون بلاک میں 9 ٹریلین کیوبک فٹ گیس اور خام تیل کی بڑی مقدار موجود ہوسکتی ہے ، ڈرلنگ کےعمل کے دوران آپریشن ٹیم کو ہائی پریشر کا سامنا کرنا پڑا۔
اگر ذخائر کی مالیت 10ارب ڈالر ہوئی تو گیس و تیل کو نکالنے کیلئے سمندر میں انفراسٹرکچر بچھایا جائے گا جبکہ پاکستان کا پٹرولیم مصنوعات کا امپورٹ بل 6ارب ڈالر سالانہ کم ہونے کی بھی امید ہے۔
دوسری جانب ڈرلنگ مکمل کرنے والی کمپنی کے درآمد کردہ ڈرلنگ بحری جہاز، ہیلی کاپٹرزاور دیگر سامان کو ایف بی آر کی جانب سے تاحال کلیئرنس نہ مل سکی۔ کسٹمز حکام نے اضافی کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1ارب 5کروڑ96لاکھ 25 ہزار 992 روپے جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے۔

متعلقہ خبریں