مریخ پر زندگی کی تلاش کا مشن، خلائی روبوٹ نے مریخ کی تصاویر شیئر کر دیں

February 19, 2021 1:00 pm

نیو یارک ::انسان نے ستاروں پر کمند ڈالنے کا فن جان لیا ہے ،مریخ پر زندگی کی تلاش کا مشن لیئے خلائی روبوٹ نے سرخ سیارے پر پہنچتے ہی کام شروع کر دیا۔ خلائی روبوٹ نے مریخ کی تصاویر شیئر کر دیں۔
خلائی ادارے ناسا نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ نظامِ شمسی کے چوتھے سیارے مریخ پر اب ایک اور روبوٹ پہنچ گیا ہے۔ ناسا کے خلائی مشن پر سویرنس روور نے مریخ کی پہلی تصویربھی شیئر کر دی۔ حکام کے مطابق مریخ سے پتھروں کے نمونے آئندہ چند برس میں ہی زمین پر بھیج دئیےجائیں گے۔
مریخ پر مشن کی کامیاب لینڈنگ کی تصدیق ہونے پر ریاست کیلیفورنیا میں ناسا کے مشن کنٹرول میں موجود انجینئرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ یہ ناسا کی جانب سے مریخ پر اتارا گیا ایک ٹن وزنی دوسرا روور ہے۔
اس مشن پر 20 سے زیادہ کیمرے اور دو مائیکرو فون ہیں۔ دو کیمرے ایک چھوٹے ہیلی کاپٹر پر ہیں جو مریخ کی ویران آب و ہوا میں اڑان بھرنے کی کوشش کرے گا۔
1970 کی دہائی کے بعد یہ مریخ پر ناسا کا پہلا مشن ہے جو زندگی کے آثار ڈھونڈے گا۔ 2026 میں ایک اور چھوٹا روور لانچ کیا جائے گا جو جزیروں کے قریب پہنچے گا اور پرسیویرنس کے اکٹھے کردہ نمونے حاصل کر لے گا۔اس منصوبے کا مقصد خلابازوں کو مریخ پر پہنچانا ہے۔ پرسیویرنس ایسے تجربات کرے گا جس سے دیکھا جائے گا کہ آیا مریخ پر سانس لینے کے لائق آکسیجن پیدا کی جاسکتی ہے، کیونکہ سیارے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی کثرت پائی جاتی ہے۔

 

متعلقہ خبریں