ایک ہزار 924 ملازمین نے ادارے سے علیحدگی کا انتخاب کرلیا، پی آئی اے

January 25, 2021 1:36 pm

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (وی ایس ایس) کے ساتھ بنیادی اور غیر بنیادی ملازمین کو الگ کرنے سے فی جہاز ملازمین کی تعداد ہوا بازی کی صنعت کی آئیڈیل سطح تک کم ہوجائے گی۔رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کو رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے2 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں زیادہ تر درخواستیں سینیئر ملازمین کی تھیں اور ان میں سے ایک ہزار 924 منظور کرلی گئی ہیں۔انتظامیہ نے حکومت سے 9 ارب 80 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ جن ملازمین کی درخواستیں منظور ہوگئیں انہیں ادائیگی کی جاسکے۔
فنڈز کے اجرا کے بعد پی آئی کے وہ تمام ملازمین جو وی ایس اس حاصل کرنے کے اہل ہوچکے انہیں 31 جنوری 2021 تک ادائیگی کردی جائے گی۔
تاہم رضاکارانہ علیحدگی اسکیم میں ڈپٹی چیف انجینیئرز اور ٹیکنکل گراؤنڈ آپریٹرز کی درخواست پر غور نہیں کیا گیا کیوں کہ ان کے تجربے کی وجہ سے ایئر لائن کو ان کی ضرورت ہے۔
رضاکارانہ علیحدگی اسکیم نافذ ہونے کے بعد پی آئی ملازمین کی تعداد کم ہو کر 8 ہزار 500 تک رہ جائے گی۔
قبل ازیں پی آئی اے انتظامیہ نے نومبر 2020 میں وی ایس ایس کے تحت 3 ہزار ملازمین کو ادائیگی کے لیے 12 ارب 69 کروڑ روپے کی سمری حکومت کے سامنے پیش کی تھی۔

متعلقہ خبریں