زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک دن جنوبی وزیرستان میں جانباز جوانوں اور اپنے لوگوں کے ساتھ گزارا۔ شاہد خان آفریدی

September 7, 2020 6:25 pm

کراچی:ویب ڈیسک :: ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے عوام نے ملک بھر میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔سابق ٹیسٹ کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے یوم دفاع کے موقع پر وزیرستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے مشیران، عمائدین، معززین اور علاقہ مکینوں سے ملاقات بھی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ‏ جنوبی وزیرستان کے عوام نے ملک بھر میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، وہ محب وطن ہیں، بنیادی سہولیات اور ترقی ان کا حق ہے، صوبہ خیبر پختون خوا میں شمولیت کے بعد یہاں کے عوام کو وہ تمام تر بنیادی سہولیات میسر ہونی چاہیں جو پاکستان کے دیگر علاقوں میں حاصل ہیں، یہاں کے عوام کی ناقابل فراموش قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔سابق کپتان نے کہا کہ زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک دن جنوبی وزیرستان میں جانباز جوانوں اور اپنے لوگوں کے ساتھ گزارا، شولم اسپتال، وانا کیڈٹ کالج، ایگریکلچرل پارک، کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ، مشیران سے ملاقات مسرت کن رہی جب کہ  اپنے آبائی گاؤں جیسا پیار، گرم جوشی، مہمان نوازی، گہماگہمی اور امن و سکون سے بہت مسرت محسوس ہوئی۔ شاہد خان آفریدی نے وانا کے دورہ میں معززین اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ تعلیم آپ کے بچوں اور بچیوں کا بنیادی حق ہے، حکومت کے ساتھ مل کر بنیادی مسائل حل کرانے کے لیے کوشاں رہیں، امن اور سکون کے ساتھ رہیں، چھوٹے اختلافات کو مسئلہ نہ بنائیں۔شاہد آفریدی نے وانا کیڈٹ کالج کا بھی دورہ کیا جہاں پر مقامی زیر تعلیم طالب علموں سے انتہائی کم فیس وصول کی جاتی ہے، شاہد خان آفریدی نے ہر سال جنوبی وزیرستان کے10 مقامی طالب علموں کی فیس ادا کرنے کا بھی اعلان کیا، بعد ازاں انہوں نے مقامی سطح پر جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی دیکھا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے شرکاء پر کھیلوں میں حصہ لینے اور تعلیم کے حصول پر زور دیا۔شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں جلد ہی علاقے کے مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کروں گا، با صلاحیت کرکٹرز کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی، شاہد خان آفریدی نے ایگریکلچر پارک کا بھی دورہ کیا اور یہاں پر سہولیات کے حوالے سے آگاہی حاصل کی اور مسائل کا جائزہ لیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر کی طرح یہاں پر بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور تعاون اور مدد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں