وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی منظوری دی، اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر تیزی سے کام کرنے کی بھی ہدایت کردی

August 12, 2020 6:43 pm

اسلام آباد:ویب ڈیسک :: نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی منظوری دی، اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر تیزی سے کام کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر پروگرام کے تحت قرض کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا۔ نوجوانوں کو پہلے سے زیادہ آسان شرائط پر 5گنا زیادہ رقم مل سکے گی، وزیراعظم نے عثمان ڈار اور مشیر خزانہ کو رقم بڑھانے کی ہدایات کردی۔

نئے اقدام کا باضابطہ اعلان آج شام معاون خصوصی عثمان ڈار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ کریں گے۔عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان سب سے بڑی طاقت اور قومی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو حقیقی تبدیلی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے۔دوسری جانب نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار کا اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا 68 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، پی ٹی آئی حکومت نوجوانوں کی بھر پور حمایت کی مرہون منت ہے، وزیراعظم نے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلی باریوتھ ڈیولپمنٹ فریم ورک کے تحت جامع لائحہ عمل مرتب کیا، نوجوانوں کی سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی کیلئے اہداف متعین کئے گئے، ملکی ترقی کیلئے کامیاب جوان کا حصہ بنیں۔

متعلقہ خبریں