افغان جیل پر مسلح افراد کا حملہ، 13 افراد ہلاک اور 42 زخمی

August 3, 2020 1:18 pm

کابل: جدت ویب ڈیسک:افغانستان میں درجن سے زائد مسلح حملہ آوروں نے جلال آباد کی ایک جیل پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق پہلے حملہ آوروں نے جلال آباد کی پی ڈی-4 جیل کے مرکزی کے دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے بعد مسلح افراد نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ 13 گھنٹے سے جاری ہے اور اس دوران حملہ آور جیل کے سامنے شاپنگ مال میں مورچہ زن رہے اور کچھ جیل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دو طرفہ جھڑپ میں 13 شہری اور 3 حملہ آور ہلاک ہوگئے جب کہ 42 افراد زخمی ہیں۔ جھڑپ کے دوران 700 قیدی فرار ہوگئے تاہم انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں