پاکستانی آئین کے تحت ملک میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، نورالحق قادری

July 9, 2020 3:07 pm

اسلام آباد:جدت ویب ڈیسک :مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کے تحت ملک میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا نظریہ اور اسلامی اقدار اقلیتوں کے یکساں حقوق، مکمل تحفظ اور سلامتی کی ضامن ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کیلئے امن، ہم آہنگی اور قبولیت کو ملک میں فروغ دیا جانا چاہیے۔ انسانی حقوق کی وزیر شیریں ایم مزاری نے خواجہ آصف کے نکتے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے جس کا مقصد ان کی آزادی اور سلامتی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئین اور عالمی وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو وطن کے یکساں شہری کی حیثیت سے مکمل آزادی حاصل ہے۔ توانائی کے وزیر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی ملک کی مجموعی ترقی سے منسلک ہے اور حکومت اس بڑے شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کراچی میں بجلی کے بحران کے بارے میں حزب اختلاف کے ارکان کے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے 100 ایم ایم بی ٹی یو اضافی گیس فراہم کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں