سول ایوی ایشن ملازمین سراپا احتجاج کیوں؟

June 29, 2020 2:22 pm

کراچی : جدت ویب ڈیسک ::سول ایوی ایشن ملازمین اپنے ادارے کو مبینہ طور پر ٹوٹنے سے بچانے کیلئے سراپا احتجاج ہیں، ملازمین نے کراچی کے بعد لاہور میں کام بند کرنے کی تیاری کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مبینہ طور پر دو حصوں میں تقسیم کرنے کے معاملے پر سی اے اے ملازمین و افسران کی نمائندہ تنظیم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے کل لاہور ائیرپورٹ پر احتجاج کیا جائے گا، اس سے قبل کمیٹی نے احتجاجی تحریک کا آغاز کراچی ہیڈ کوارٹر سے کیا تھا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق سی اے اے کے لاہور اور والٹن ائیرپورٹ ملازمین کو احتجاج کی کال دے دی گئی ہے، پیر کی دوپہر دو بجے سی اے اے ملازمین لاہور ائیرپورٹ پر احتجاجاً علامتی طور کام بند کردیں گے۔
اس موقع پر سی اے اے ملازمین سیاہ ماسک پہن کر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں گے، سی اے اے جوائینٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں اسلام آباد اور پشاور ائرپورٹ پر احتجاج کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں