شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بونداباندی ۔موسم خوشگوار

June 29, 2020 11:39 am

کراچی جدت ویب ڈیسک ::: شہر کے قائد کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے ہونے والی بونداباندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بلدیہ اتحاد ٹاوٴن، نواب کالونی اور قائم خانی کالونی میں صبح سے بجلی غائب ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے،اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پربوندا باندی کاسلسلہ دن بھر جاری رہنےکا امکان ہے ، کراچی میں آج موسم ابرآلود رہنے اور تیزہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقے یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہوا کی رفتار25کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، دن میں35کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت37ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں