کے-الیکٹرک کا گیس فراہمی میں کمی کا دعویٰ جھوٹا ہے، سوئی سدرن

June 26, 2020 4:30 pm

کراچی جدت ویب ڈیسک ::سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) نے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے-الیکٹرک کے دعوے کی قلعی کھولتے ہوئے کہا ہے کہ ’کے-الیکٹرک جھوٹا دعویٰ کررہی ہے کہ ایس ایس جی سی نے گیس کی فراہمی کم کردی ہے‘۔سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری ایک بیان میں گیس کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ کے-الیکٹرک شہر میں بجلی کی طویل بندش کو ایس ایس جی سی کی گیس فراہمی سے منسلک کر کے شہریوں کو گمراہ کررہی ہے۔
اپنے بیان میں سوئی سدرن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے حال ہی میں گیس سے چلنے والے پلانٹس کے لیے ایس ایس جی سی سے موسم گرما میں معمول کی گیس فراہمی 190 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھا کر 240 ایم ایم سی ایف ڈی کرنے کا کہا تھا اور صرف دو روز بعد اس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 290 ایم ایم ایف سی ڈی گیس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق اس وقت گیس کمپنی کے الیکٹرک کو 240 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کررہی ہے جو معمول کے 190 ایم ایم سی ایف ڈی سے بھی 50 ایم ایم سی ایف ڈی زیادہ ہے۔
سوئی سدرن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک کے درمیان کئی دہائیوں قبل صرف 10 ملین کیوبک فیٹ روزانہ فراہم کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں بجلی کی طویل بندش کی وجوہات پر مشتمل ایک بیان جاری کیا گیا تھا۔
جس میں بجلی کمپنی نے بجلی کی طلب میں اضافے، فرنس آئل کی کمی اور ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کی فراہمی میں 50 ایم ایم سی ایف ڈی کمی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ان تمام وجوہات کی بنا پر بجلی کی فراہمی 3 ہزار 150 میگا واٹ سے کم ہو کر 2800 میگا واٹ رہ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں