ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ۔۔۔وزارت توانائی برائے پیٹرولیم ڈویژن کا اعلامیہ جاری

May 3, 2020 10:09 pm

اسلام آباد:جدت ویب ڈیسک :: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد خریداری میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے بعد افواہیں گردش کرنے لگیں کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

وزارت توانائی برائے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہے کیونکہ پیٹرول کا 2 لاکھ 85 ہزار ٹن اور ڈیزل کا 3 لاکھ پچاس ہزار ٹن کا اسٹاک موجود ہے جو آئندہ 15 روز کی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل کے لیے پیٹرول اور ڈیزل لانے والے دو جہاز پورٹ قاسم بندرگاہ پر لنگر انداز ہوچکے ہیں جن میں 50 ہزار ٹن پیٹرول اور 55 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل موجود ہیں۔

وزارت توانائی برائے پیٹرولیم ڈویژن نے عوام سے اپیل کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ضرورت سے زیادہ خریداری سے گریز کریں کیونکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے یکم اور دو مئی کو ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، پیٹرول پمپس نے طلب کے لحاظ سے ایندھن کی خریداری نہیں کی تھی جس کی وجہ سے وقتی قلت پیدا ہوئی۔

یاد رہے کہ وزارت خزانہ نے 30 اپریل کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے30روپے کمی کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ خبریں