شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ، چاول کا چھلکا ملانے کا انکشاف

February 14, 2020 2:09 pm

کراچی ۔جدت ویب ڈیسک :: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیار ہونے والے مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ اور چاول کے چھلکے کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ضلع غربی کے علاقے پیر آباد اور ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں مختلف مصالحہ فیکٹریوں پر چھاپے مارے، انکشاف ہوا کہ ان فیکٹریوں میں بنائے جانے والے مصالحوں میں ٹیکسٹائل میں استعمال ہونے والا رنگ، برادہ اور چاول کے چھلکے کی ملاوٹ کی جا رہی ہے۔
چھاپے کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ جس جگہ مصالحے تیار کیے جا رہے تھے وہاں گندگی اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار تھی، مصالحوں میں مضر صحت اجزا ملے ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیرا حسین کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے پیر آباد کی فیکٹری کو سیل کر دیا، اور 4000 کلو گرام کے لگ بھگ ملاوٹ شدہ مال ضبط کر لیا، فیکٹری پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ضلع وسطی میں قائم فیکٹری کو وارننگ دے دی گئی، ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فیکٹری کے تمام موجود غیر معیاری مصالحوں کو ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں