وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی کم ہونے کی نوید سنادی، جائزہ رپورٹ جاری

November 9, 2019 12:13 pm

اسلام آباد۔ جدت ویب ڈیسک :: : مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اعتراف کیا معیشت درست سمت میں گامزن ہے، وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پہلی سہ ماہی کے جائزہ مذکرات مکمل ہوگئے، پہلی سہ ماہی کے دوران اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اعتراف کیا معیشت درست سمت میں گامزن ہے، وزیراعظم اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال سے مہنگائی کی شرح کم ہونے کا امکان ہے، پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات بہتر کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پاکستان کا بیرونی اور مالیاتی خسارہ بھی کم ہو رہا ہے، پاکستان میں مہنگائی شرح کم ہونے کا قوی امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی جائزہ رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات بہتر کیے ہیں، اس کے علاوہ توانائی اصلاحات میں بھی بہتری آئی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں ترقی بجٹ کی ترجیحات متعین کی گئی ہیں، تاہم پاکستان کو اندرونی و بیرونی معاشی چیلنجزتاحال درپیش ہیں۔جائزہ اجلاس میں معاشی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی سے بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا، بورڈ کارکردگی کی بنیاد پر45 کروڑ ڈالر کی قسط منظور کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن28 اکتوبر سے8نومبر تک پاکستان کے دورے پرتھا، اس دوران حکومت پاکستان کے ساتھ معاشی پالیسیوں کا تعین کیا گیا، اس موقع پر مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے اہداف پر بھی بات چیت ہوئی۔
مشن کے ساتھ مذاکرات کے بعد پاکستان کو قرضے کی نئی قسط جاری کی جائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ 450 ملین ڈالر کی قسط کے سلسلے میں بات چیت ہوئی ہے، آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کے پروگرام میں سے 991 ملین ڈالر مل چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں