لاہور میں دھند کا راج : شہر کے تمام اسکول آج بند رہیں گے

November 7, 2019 12:47 pm

لاہور : جدت ویب ڈیسک ::شہر اور گرد و نواح کے مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، حکومت پنجاب نے لاہور کے تمام اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات گئے اور کل دن میں بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں جوہرٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور واپڈاٹاؤن کے گردو نواح میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ گلبرگ، گرین ٹاؤن، مال روڈ اورجیل روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، کینال روڈ سمیت دیگرعلاقوں میں سموگ کا راج ہے، دھند کے باعث شہریوں کی آنکھوں میں جلن اور گلے میں خراش کی شکایات عام ہوگئیں۔
اس حوالے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث حدنگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی، شہرمیں رات گئے اور کل دن میں بارش کا امکان ہے، لاہور میں بارش کے باعث اسموگ میں کمی واقع ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت سے آنے والے دھوئیں کے بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، شہر میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 455 تک پہنچ گیا، شہر میں شام سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، اسموگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور اور گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں، سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

متعلقہ خبریں