بھارت کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی؛ فوجی جوان اور 5 شہری شہید‘پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک

Indian Forces Firing in LOC
October 20, 2019 5:24 pm

راولپنڈی جدت ویب ڈیسک : لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس پر پاک فوج نے بھی موثر جواب دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 5 شہری شہید جب کہ 2 سپاہی اور 3 شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان اور مقامی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

متعلقہ خبریں