تمام فریقین مل بیٹھ کر کراچی کے مسائل کا حل نکالیں۔، عمران اسماعیل

October 7, 2019 2:51 pm

کراچی : جدت ویب ڈیسک ::گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایک بااختیار بلدیاتی حکومت ہی شہر کے مسائل کو بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، تمام فریقین مل بیٹھ کر کراچی کے مسائل کا حل نکالیں۔
یہ بات انہوں نے روٹری کلب پلاٹینیم کراچی کی جانب سے صوبائی حلقہ پی ایس 129 کے علاقہ میں صفائی مہم کے لئے کچرہ اٹھانے والی تین موٹر سائیکل ٹرالی اور پانچ ٹرالی بمعہ دیگر سامان کے ساتھ حوالے کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے کچرہ اٹھانا بنیادی طورپر سندھ حکومت اوربلدیاتی اداروں کا کام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بااختیار بلدیاتی حکومت ہی شہر کے مسائل کو بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، اس ضمن میں موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام فریقین مل بیٹھ کر کراچی کے مسائل کا حل نکالیں۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس لی جائے گی، اس سلسلے میں نیب اپنا کردار بھرپور انداز سے ادا کررہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے اعلان کردہ مارچ کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
حکومت کا عذم ہے کہ ملک کو کرپشن سے پاک کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد پانچ منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے۔
بلدیاتی نظام کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں سنگل اتھارٹی کے تحت کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ایک بہتر بلدیاتی نظام نافذ ہے جو دیگر صوبوں کے لئے بہترین مثال ہے۔

متعلقہ خبریں