اگر کشمیریوں کے حق کے لئے جنگ بھی لڑنی پڑی تو تیار ہیں، بلاول بھٹو زرداری

Bilawal Bhutto Zardari PPP
August 13, 2019 3:46 pm

اسلام آباد:جدت ویب ڈیسک : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں کشمیریوں کے حق کے لئے جنگ بھی لڑنی پڑی تو تیار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس کی وجہ سے ہم عید بھی خوشی سے نہیں منارہے ، میں کشمیر میں تھا اور آصف زرداری جیل میں تھے ، پہلی بار کسی سیاسی جماعت کے سربراہ نے آزاد کشمیر میں عید کی نماز ادا کی، حکومتی نمائندے کی آزاد کشمیر میں آنے سے اتحاد کی فضا قائم ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان کو کشمیر کا دورہ کرنا چاہیے تھا، کشمیری عوام 2 دن تک انتظار کرتے رہے لیکن عمران خان نہیں گئے ، نالائق وزیراعظم کی وجہ سے کشمیر کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے ۔ حکومت مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے لے اور قومی یکجہتی کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے ۔ حکومت کو مسئلہ کشمیر پر ہار نہیں ماننی چاہیے ، ہمیں اپنی پالیسی پر دوبارہ نظرثانی کرنی چاہیے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انتہا پسند مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے ، ہم حقوق دیتے ہیں اور مودی حقوق چھینتا ہے ، مودی نے 2 طرفہ معاہدوں کے علاوہ اپنے ملک کے آئین کی بھی خلاف ورزی کی ہے ، ہمیں خود کو کشمیریوں کے جذبات کے ساتھ جوڑنا ہوگا، ہمیں کشمیریوں کے جذبات اور دکھ درد میں شامل ہونا ہوگا، ہمیں وہ سب کرنا ہوگا جس سے کشمیریوں کی حمایت ہو، ہمیں کشمیریوں کیلئے سفارتی جنگ لڑنی ہوگی، ہم کشمیریوں کے لئے آخری دم تک لڑیں گے ، اگر کشمیریوں کے حق کے لئے جنگ لڑنی پڑی تو تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں