مرید عباس اور دوست کا قتل ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

July 10, 2019 3:42 pm

جدت۔ ویب ڈیسک :: کراچی میں گزشتہ رات ڈیفنس خیابان بخاری میں ٹی وی اینکر مریدعباس اور اس کے دوست کے قتل کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے ، جس میں مرید عباس کی لاش لے جاتے اور ملزم عاطف زمان کو اسلحہ تھامے دیکھا جاسکتا ہے ۔پولیس نے ایک مقدمہ مقتول اینکر کی اہلیہ کی مدعیت میں، جبکہ دوسرا مقدمہ ملزم عاطف زمان کی خودکشی کی کوشش پر سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا ۔ ملزم تاحال زخمی حالت میں نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے ،مریدعباس کی تدفین میانوالی اور خضرحیات کو جھنگ میں سپردخاک کیا جائے گا ۔
بول، ٹی وی چینل کے اینکر سمیت 2 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا ، ٹی وی اینکر مریدعباس اور ساتھی خضرحیات کے قتل کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ، جس میں مرید عباس کی لاش کو لفٹ کے ذریعے عمارت سے باہر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے ، اس دوران پولیس اہلکار بھی عمارت میں داخل ہوئے ۔ایک اور فوٹیج میں 2 افراد کو سیڑھیوں سے اترتے اور جان بچانے کیلئے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے ، جبکہ ملزم عاطف زمان اور اس کے ساتھ ایک شخص ہاتھ میں اسلحہ تھامے عمارت سے باہر جاتے اور پھر واپس آتا ہے ۔پولیس نے ملزم کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے 35 افراد کی تفصیلات حاصل کرلیں ، عاطف زمان نے اینکر اور خضرحیات سمیت 5 افراد سے رابطے کیے تھے جبکہ مرید عباس کو بڑا بخاری اور خضرحیات کو چھوٹا بخاری آنے کا کہا تھا ۔پولیس نے مقتول کے 2 دوستوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے فائرنگ کے بعد جان بچاتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی تھی ۔

متعلقہ خبریں