کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، تین دہشتگرد ہلاک

June 24, 2019 12:51 pm

جدت ویب ڈیسک ) کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ، خدا بخش گوٹھ میں پولیس مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ خودکش جیکٹ، دستی بم ، ڈیٹونیٹر اور بم بنانے کا سامان برآمد کر لیا گیا۔روشنیوں کے شہر میں اَمن دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیے گئے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیاب کارروائی کی اور 3 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگاکر منصوبہ خاک میں ملادیا ۔
ناردرن بائی پاس پر خدا بخش گوٹھ میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا ، اَمن دشمنوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، اور 2 بھاگ نکلے ۔پولیس کے مطابق دہشتگرد کراچی میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے، جن کے ٹھکانے سے ایک خودکش جیکٹ، اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا ۔
علاقہ مکین کے مطابق جس جگہ مقابلہ ہوا وہاں کچھ لوگ پلاٹوں کی خریدوفروخت کا کام کرتے تھے ۔ مقابلے میں مارے گئے ایک دہشتگرد کی شناخت 20 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی جبکہ 48 سال کا طلعت محمود کالعدم تنظیم کے کراچی سیٹ اپ کا امیر تھا ، ہلاک دہشتگرد سانحہ صفورا میں ملوث امن دشمنوں کا قریبی ساتھی بھی رہا اور سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں مطلوب تھا ۔

متعلقہ خبریں