کراچی: غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

June 14, 2019 7:14 pm

اسلام آباد: جدت ویب ڈیسک ::وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زائد گیس فراہم کر رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کے دوران غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے ای نے گیس کے کم پریشر کا بہانہ بنایا تھا، جس پر ایس ایس جی سی نے تردیدی بیان جاری کر دیا تھا۔
آج وفاقی وزیر توانائی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 210 مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ور ریکارڈ کے منافی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے لیے اضافی 150 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے، لیکن کے الیکٹر ک میں مطلوبہ نظام نہ ہونے سے اضافی بجلی کی ترسیل ممکن نہیں، کے الیکٹرک ایک نجی کمپنی ہے جسے ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
شہرِ قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بد ترین سلسلہ آج بھی جاری رہا، شہری شدید گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال رہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کا یہ سلسلہ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شروع ہوا۔

متعلقہ خبریں