پاکستان پوسٹ میں ای کامرس سروس کا افتتاح ،عوام کو گھر بیٹھے ہر سہولت کم قیمت پر دینا ترجیح ہے، مراد سعید

February 9, 2019 4:50 pm

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک :: :وفاقی وزیر مراد سعید نے پاکستان پوسٹ میں ای کامرس سروس کا افتتاح کردیا، صارفین آن لائن شاپنگ اور کیش آن ڈیلیوری کی سہولت حاصل کر سکیں گے، مراد سعید کا کہنا ہے نئی سروس سےادارہ معاشی خود کفالت کی طرف گامزن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کا پاکستان پوسٹ میں ایک اور انقلابی قدم، وفاقی وزیر مراد سعید نے پاکستان پوسٹ میں ای کامرس سروس کا آغاز کردیا، اس سروس سے صارفین آن لائن شاپنگ اور کیش آن ڈیلیوری کی سہولت حاصل کر سکیں گے اور مہنگی نجی کوریئر سروسز کی نسبت پاکستان پوسٹ کم چارجز وصول کرے گا۔
مراد سعید کا کہنا ہے کہ آن لائن بزنس کرنے والی بڑی کمپنیوں سے رابطہ کر رہے ہیں، عوام کو گھر بیٹھے ہر سہولت کم قیمت پر دینا ترجیح ہے، ، پاکستان پوسٹ کو صارفین کی آن لائن شاپنگ کا ڈیلیوری پارٹنر بنا رہے ہیں، عوام قومی ادارے پر انحصار کریں، بہتری محسوس کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 50 ہزار روپے تک کی بھیجی گئی رقم گھر کے دروازے پر مل سکے گی۔ ون ڈے ڈیلیوری کی سہولت ابتدائی طور پر 25 شہروں میں ہوگی۔ الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت 80 شہروں میں دے رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ پوسٹل سروسز کو جدت کی نئی راہوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان بھر کے ڈاک خانوں کا معیار تبدیل کریں گے۔ 13 ہزار ڈاک خانوں کو جدید ترین پوسٹل سروسز کا مرکز بنائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ تقریباً 10 ارب سالانہ خسارے میں رہا ہے، پاکستان پوسٹ میں بہت صلاحیت ہے، پوسٹ کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں