پی ایس پی میں جانے والے سب اراکین آزمائش میں ہیں ‘ فاروق ستار

Farooq Sattar MQM Pakistan Leader
April 16, 2018 9:58 pm

حیدرآباد جدت ویب ڈیسک :متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف آف آرمی اسٹاف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے وقت مانگا تھا کہ میں انہیں بتاسکوں کہ ہمارے ساتھ کیا ہوا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پی ایس پی کے سربراہ اور ان کے نائب بھی واپس ایم کیوایم میں آجائیں گے۔ حیدرآباد میں ایم کیوایم کے زونل آفس پر پی ایس پی چھوڑ کر واپس ایم کیوایم میں آنے والے رُکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہم آزمائش میں ہیں ، چاہئے وہ ایم کیوایم پاکستان ہو یا بہادر آباد کے ساتھی ہوں ، خود پی ایس پی میں جانے والے بھی آزمائش میں ہیں۔ پتہ ایک علامت ہے ، ایک نظریہ ہے اور ایم کیوایم کا ووٹ بینک بھی نظریاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لوگوں پر دبا¶ ہے ، ڈر اور خوف ہے یہ کس کا ڈر ہے کوئی اگر پالیسی ہے تو ہمیں بتائی جائے، اداروں کی ساخت ہماری ساخت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی کسی جلسے یا پروگرام کےلئے انیس قائم خانی سے کوئی مدد نہیں طلب کی یہ سب جھوٹ ہے ، البتہ سینیٹ کے انتخابات والے دن انہیں فون کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ ایم کیوایم کے ایم پی اے جو ہمارے پاس سے ان کے پاس گئے ہیں وہ سب مہاجروں کا ووٹ لے کر آئے تھے ، لہٰذا ان اراکین کے ووٹ ہمیں دلوائے جائیں لیکن پی ایس پی نے مسلم لیگ (فنکشنل) کے سید مظفر حسین شاہ کو ووٹ دلوادیا ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر الائنس ہم سب کا ایسا خواب ہے جسے ہم ہر حالت میں شرمندہ تعبیر کریں گے ، یہ سیاسی جماعتوں کا انضمام نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ان کے حقوق کی جدوجہد ہے۔ اپریل کے آخر میں اس حوالے سے ایک کنونشن بھی بلانے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ انیس قائم خانی، مصطفی کمال بھائی ہماری فیکٹری کی پروڈکٹ ہیں ، وہ جن جن کو لے جارہے ہیں وہ جلد ہی الٹے قدم واپس لوٹ آئیں گے۔

متعلقہ خبریں