معصوم شہریوں کی ہلاکتیں مہذب سماج کے لئے ناقابل برداشت ہیں، سید علی گیلانی

Syed Ali Gilani
April 16, 2018 3:42 pm

سرینگر جدت ویب ڈیسک : چیئرمین حریت سید علی گیلانی نے چھتر گل کے معصوم طالب علم محمد عامر لون جو فورسز کی راست فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہوئے کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے افواج کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتیں کسی بھی مہذب سماج کے لئے ناقابل برداشت ہیں ۔ ایک بڑے عوامی اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے حریت راہنما نے شہدائے کھڈونی اور پڈر پورہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ایک مختصر اجتماع سے بھی خطاب کیا اور شہید غیاث الدین جو کہ حافظ قرآن مجاہد تھا کہ والدین اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ حریت چیئرمین نے ان اجتماعات سے اپنے خطاب میں قرآنی ارشادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک غیور قوم کی حیثیت سے ہمیں اپنے شہدائ کے خون کا معاوضہ بجلی ، پانی ، سڑک اور ملازمت جیسے حقیر مفادات کی صورت میں مانگنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ ہمارے شہدائ کی قربانیاں تقدس میں حرم سے بڑھ کر ہیں ۔ حریت چیئرمین نے شہدائ کے مقدس مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ایک لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہندواز سیاست دانوں اور ان کی مکروہ چالوں سے دور رہنا چاہئے ۔ انہیں ووٹ دینے سے اجتناب کیا جانا چاہئے اور حقیر مفادات کے لئے ان کے سامنے بھیک نہیں مانگنی چاہئے ۔ حریت راہنما نے نوجوانوں سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسلامی تعلیمات سے اپنے کردار کو روشن کرنا چاہئے۔ شراب خوری ، منشات ، بے راہ روی اور بے حیائی کے کاموں سے پرہیز کرتے ہوئے ایک صالح کردار کے ساتھ تحریک آزادی کا ساتھ دینا چاہئے۔

متعلقہ خبریں