نوازشریف کی بمبئی حملہ پر بلیک میلنگ ناقابل برداشت ہے، نصرت واحد

May 15, 2018 10:30 pm

کراچی جدت وی ڈیسک تحریک انصاف وومن ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کی پانامہ کیس میں ممبئی حملہ پر بلیک میلنگ ناقابل برداشت ہے۔ قومی سلامتی پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ سابق وزیر اعظم اپنی 300 ارب کی کرپشن کیس میں نجات کیلئے کبھی عدلیہ اور کبھی فوج کو دبائو میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جس میں ان کو کامیابی ممکن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں و کارکنان کے وفد اور عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی و اندرون سندھ کے مختلف اجلاسوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ وفود نے انہیں عوامی رابطوں، رکنیت سازی اور شہریوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ ممبئی حملہ کیس سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان میں زیرِ سماعت مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں قائم کمیٹی کو بھارت کی جانب سے ثبوت فراہم نہیں کیے گئے اور واحد زندہ گواہ اجمل قصاب کو سولی پر چڑھادیا گیا اور پاکستانی وکلائ کے پینل کو اس تک رسائی نہیں دی گئی تھی۔ نوازشریف کی ممبئی حملہ کیس میں زہر افشانی دنیا بھر میں پاکستانی وقار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف قومی سلامتی پر بلیک میل کرکے پانامہ کیس میں ریلیف چاہتے ہیں۔ ممبئی حملہ کیس میں بیان مودی سے وفاداری اور پاکستانی سے بے وفائی کے مترادف ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے بھی نوازشریف کے موقف کی تردید کردی ہے۔

متعلقہ خبریں